لاہور (جیوڈیسک) ہائیکورٹ نے سانحہ منٰی میں شہدا اور زخمی حاجیوں کے اعداد و شمار وفاقی حکومت اور وزارت مذہبی امور کو 6 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ ملک نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ سانحہ منٰی میں شہید اور زخمی ہونیوالے حاجیوں کی تعداد بارے ابھی تک وزارت مذہبی امور نے شہریوں کو درست معلومات سے آگاہ نہیں کیا جس کے باعث حاجیوں کے عزیز و اقارب کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ وفاقی حکومت اور وزارت مذہبی امور عوام کو درست معلومات فراہم کرنے میں ناکام ہے۔
جسٹس عائشہ اے ملک نے ریمارکس دئیے کہ اپنے پیاروں کی درست معلومات تک رسائی شہریوں کا حق ہے۔ عدالت نے سانحہ منٰی میں شہدا اور زخمی حاجیوں کے اعداد و شمار وفاقی حکومت اور وزارت مذہبی امور کو 6 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔