اسلام آباد (جیوڈیسک) سانحہ گلگت کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ واقعہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا تشخص خراب کرنے کیلئے کیا گیا۔گلگت میں دہشت گردی کے خلاف تحریک انصاف مذمتی قرارداد پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان غیر ملکی سیاحوں پر حملے کی مذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حملہ پاکستان سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوئی۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں دہشتگردی کے خلاف واضح قومی پالیسی اختیار کرنی چاہیئے جس کے لئے آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہر واقعے کو حکومت کی ناکامی قرار نہیں دیا جا سکتا ہمیں سیاسی پوائنٹس سکورنگ کی بجائے قومی سلامتی کے معاملے پر ایک ہونا چاہیئے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ذاتی سوچ میں تبدیلی لا کر قوم اور اداروں کو حالات سے نمٹنے کیلئے تیار کرنا ہوگا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب وزیر داخلہ ہی بے بس ہیں تو باقی قوم کا کیا حال ہوگا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ دہشتگردوں کو بتایا جائے ہم ان کے سامنے نہیں جھکیں گے، اگر متاثرہ دوست ممالک سے معافی مانگنا پڑی تو وہ بھی مانگی جائیں، اسلام آباد میں داخل ہوتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کسی تھانے میں جارہے ہیں۔