اسلام آباد (جیوڈیسک) سانحہ ایف ایٹ کچہری اسلام آباد سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہوگی۔ وکلاء رہنما کہتے ہیں واقعہ پر وزیر داخلہ چودھری نثار کے غیر ذمہ دارانہ بیان کا معاملہ بھی عدالت کے سامنے اٹھایا جائے گا۔
ایف ایٹ کچہری از خود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بینچ کرے گا۔ گزشتہ سماعت میں عدالت نے وکلاء رہنماوں اور عینی شاہدین کو اپنے بیانات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی واقعہ پر اپنا موقف واضح کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
عدالت نے آئی جی پولیس اور سیکرٹری داخلہ سے واقعہ اور ملزمان کی تعداد سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی آج طلب کر رکھی ہے۔