لاہور (اقبال کھوکھر) سانحہ یوحناآباد (دوچرچز میں دوخودکش دھماکوں ) کے بعد مظاہرین کی گرفتاری کے خلاف قانونی ادارے”کلاس” اور پاکستان کرسچن نیشنل پارٹی کی طرف سے دائر درخواست برائے ضمانت کو ہائی کورٹ لاہور کے مسٹر جسٹس انوارالحق کی عدالت نے منظور کرتے ہوئے تمام گرفتارشدگان کی رہائی کاحکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ”کلاس” کی طرف سے ڈائریکٹر ایم اے جوزف فرانسس کی خصوصی ہدایت پر طاہر بشیرایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے دوران سماعت مدلل بحث کرتے ہوئے حالات وواقعات کو بیان کیا۔
جس پر مسٹر جسٹس انوارلحق نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے گرفتارشدگان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم اے جوزف فرانسس نے کہا کہ عدالت کے حالیہ فیصلے سے نہ صرف انصاف کے تقاضے پورے ہوئے ہیں بلکہ دہشت گردوں کے حوصلے بھی پست ہوئے ہیں۔
پاکستان کرسچن نیشنل پارٹی کے سنیئروائس چیئرمین مارٹن جاویدمائیکل اور میڈیا کوارڈینیٹر اقبال کھوکھر نے تمام رہائی پانے والے افراد کے لواحقین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حق وسچ کی فتح سے انسانی اقدار کے جذبات کو فروغ ملتا ہے۔
مسیحی قوم کا عدلیہ کے اس فیصلے سے اعتماد میں مزیداضافہ ہوا ہے۔ مزید براں اندرون وبیرون ملک سے سیاسی،سماجی،مذہبی وعوامی حلقوں کی طرف سے ”کلاس”اور پاکستان کرسچن نیشنل پارٹی کی خدمات کو سراہا گیا۔