سانحہ مچھ: کراچی کے 6 مقامات پر دھرنے جاری

Darhna

Darhna

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) مچھ میں کان کنوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف مختلف مقامات پر دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی کے 6 مقامات پر دھرنا جاری ہے جس میں شارع فیصل پر کالونی گیٹ، ملیر 15 کے قریب دھرنا جاری ہے جس کے باعث ڈرگ روڈ تا ملیر دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل ہے۔

پولیس کے مطابق ماڈل کالونی سے قائد آباد جانے والی ٹریفک کو کالا بورڈ کی طرف موڑا گیا ہے اور قائد آباد سے آنے والی ٹریفک کو الفلاح برج سے اندرونی سڑک کی طرف موڑا گیا ہے۔

ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی پر بھی دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے کیپری سنیما سے گرومندر جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے اور شہری کوریڈور تھری اور سولجربازار کاروٹ استعمال کریں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے قریب اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی عباس ٹاؤن کے قریب دھرنا دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے سہراب گوٹھ سے ٹریفک کو راشد منہاس روڈ کی طرف موڑا گیا ہے جب کہ مسکن چورنگی سے سہراب گوٹھ کی ٹریفک کو پیراڈائز بیکری کی طرف موڑا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب بھی دھرنا جاری ہے۔