لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے نگراں وزیر اعلی نجم سیٹھی نے سانحہ ایل ڈی اے پلازا کے متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیک تقسیم کیے ، پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی برداشت کریگی ، سانحہ ایل ڈی اے پلازا کے متاثرہ خاندانوں کو امدادی چیک دینے کی تقریب ایوان وزیر اعلی میں ہوئی ، وزیراعلی نجم سیٹھی نے لواحقین میں پانچ پانچ لاکھ روپے جبکہ زخمیوں میں ایک ایک لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ سانحے کی تحقیقاتی رپورٹ میں کچھ حقائق سامنے آئے ہیں،ذمہ داروں کا تعین ہونے پر کوئی سزا سے بچ نہیں پائے گا،وزیراعلی انسپکشن ٹیم بھی واقعے کی تحقیقات کررہی ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ جاں بحق افراد کے بچوں کے تعلیمی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی، ڈی جی ایل ڈی اے نے بھی لواحقین کی مدد کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے سے ٹرسٹ قائم کرنے کا اعلان کیا۔