راولپنڈی (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سجاد احمد عباسی، جنرل سیکرٹری راجہ محمد جواد، نائب امراء شمس الرحمن سواتی، محمد وقاص خان اور میجر (ر) محمد منیر اعظم نے لاہور میں منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے باہر تجاوزات ہٹانے کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے آٹھ کارکنوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیا انہوں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ذمہ داروں نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور ہمیشہ کی طرح اب بھی وہ اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے سب کچھ ملیا میٹ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک معمولی واقعہ کی آڑ میں آٹھ شہریوں کی ہلاکت کوئی معمولی سانحہ نہیں ہے۔
حکمران ظالمانہ رویوں کو ترک کر کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی لاہور آمد کے موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں پر بھی پولیس کے ذریعے ظالمانہ تشدد کروایا تھا۔ جماعت اسلامی کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی اعلیٰ سطح پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کروا کر اس کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔