کراچی (جیوڈیسک) سانحہ لنک روڈ کیس میں وفاقی حکومت نے جواب داخل کرا دیا، کے ایم سی اور اسٹیل ملز کو اگلی سماعت پر جواب داخل کرانے کی مہلت مل گئی۔
سندھ ہائیکورٹ میں سانحہ لنک روڈ کیس کی سماعت جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی، وفاقی حکومت کی جانب سے داخل کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ سانحہ لنک روڈ المناک سانحہ ہے جس کی تحقیقات کی جاری ہیں۔
عدالت نے کراچی میونسپل کارپوریشن اور اسٹیل ملز کو اگلی سماعت پر ہر صورت جواب داخل کرانے کی ہدایت کی۔
دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بیس سے زائد لاشوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی اور اعلان کردہ معاوضہ بھی ادا نہیں کیا گیا، جس پر عدالت نے ناقابل شناخت لاشوں کے ڈی این اے فوری کرانے کا حکم دیا۔