لاہور (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون کیس میں سابق ایس پی سکیورٹی سلمان علی کی عبوری ضمانت میں سترہ ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔ لاہور میں انسداد دشت گردی کی خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے سانحہ ماڈل ٹاون کیس کا ریکارڈ پیش نہ کیا۔
جبکہ دوران سماعت سابق ایس پی سکیورٹی سلمان علی نے عبوری ضمانت میں موقف اختیار کیا کہ الزامات بے بنیاد ہیں لہذا عبوری ضمانت یقینی بنائی جائے، اس کے علاوہ اسی مقدمہ میں گرفتار سابق ایس ایچ او عامر سلیم اور سب انسپکٹر اظہر علی۔
اور دو ایلیٹ پولیس فورس کے اہلکاروں سے متعلق بھی کیس کی تفتیش مکمل نہ ہو سکی جس پر عدالت نے سابق ایس پی سکیورٹی کی عبوری ضمانت میں توسیع اور ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر کے مزید سماعت سترہ ستمبر تک ملتوی کر دی۔