لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون کے مرکزی کردار گلو بٹ کے خلاف کیس کی سماعت چھبیس ستمبر تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج رائے ایوب مارتھ نے کیس کی سماعت کی۔ گلو بٹ کے خلاف استغاثہ کی جانب سے پہلے گواہ سب انسپکٹر نے بیان ریکارڈ کروایا جس میں اس کا کہنا تھا کہ گلو بٹ نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے باہر گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی،اس حوالے سے میڈیا پر فوٹیجز موجود ہیں۔
گلو بٹ کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس نے بدنیتی سے مقدمے میں دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات شامل کیں حالانکہ اس حوالے سے کوئی ثبوت اور گواہ موجود نہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے گلو بٹ کی ضمانت منظور کی مگر اسے نظر بند کر دیا گیا جو غیر قانونی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عدالت نے سب انسپکٹر کی شھادت کے بعد کیس کی سماعت چھبیس ستمبر تک ملتوی کر تے ہوئے مزید گواہان کو شھادتوں کے لیے طلب کر لیا۔