لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14 افراد کے قتل میں حکمران ملوث ہیں اوراگر انصاف نہ ملا تو رائیونڈ دور نہیں اس کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔
لاہورمیں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن سانحے میں قتل ہونے والے 14 افراد کا مقدمہ حکمرانوں پر چلایا جائے اور اس کیس پر فوجی عدالت میں کیس چلنا چاہئے، ہم کسی سے کچھ بھی نہیں مانگتے صرف ماڈل ٹاؤن کے معصوم 14 شہریوں کے قتل میں ملوث ملزما ن کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیس میں ہمارے مظلوموں اور گواہوں پر فرد جرم لگوا دی گئی، واقعے میں 14 لاشیں گرانے والے دہشت گرد حکمران ہیں جو اسلام آباد میں بیٹھے ہیں اس لئے ان خلاف مقدمہ چلایا جائے اور حکمرانوں کے رویئے سے لگتا ہے کہ وہ اسلام آباد میں ایک بار پھر دھرنا چاہتے ہیں۔