سانحہ ماڈل ٹاؤن: شہباز شریف جے آئی ٹی کے سامنے پیش

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو گئے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے شہبازشریف کو آج بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا۔

شہبازشریف جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرانے پہنچے جہاں چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں جے آئی ٹی ممبران نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا بیان ریکارڈ کیا جس کے بعد شہبازشریف واپس روانہ ہوگئے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی آئی جی موٹروے پولیس اے ڈی خواجہ کررہے ہیں جو سندھ پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

واضح رہےکہ پنجاب پولیس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے نوازشریف سے بھی جیل میں تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ 17 جون 2014 کو مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے سامنے قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا۔

پی اے ٹی کے کارکنوں کی مزاحمت اور پولیس آپریشن کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوئے جن میں خواتین بھی شامل تھیں جب کہ پولیس کی فائرنگ سے درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔