کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک میں آئین و قانون موجود ہیں مگر حکمرانوں کے قول وفعل میں تضاد ہے، حکومت ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ فوری درج کرے، حکمران جب قانون کی پاسداری نہیں کریں گے تو ملک میں امن کیسے قائم ہوگا ۔
ملک میں خانہ جنگی کے خواہش مند خود بھی اس آگ کے شعلو ں سے نہیں بچ پائیں گے ،جمہوری نظام کے بچائو کیلئے نواز لیگ ، پیپلز پارٹی،تحریک انصاف، عوامی تحریک سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے، جمہوریت اور ملکی سالمیت کو مظاہرین سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی غیر متواز ن پالیسیوں سے خطرات ہیں،وڈیرہ شاہی اور جاگیر دارانہ نظام کا خاتمہ آئین کی بالادستی میں پوشیدہ ہے۔
مرکزاہل سنت پر عہدے داروں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پا کستان عوامی تحریک کے سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے، بعض سیاسی اور مذہبی رہنما اپنی تقاریر اور بیانات سے ملک میں بلا وجہ خلفشار پھیلانے سے باز رہیں ،جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لنگڑی لولی جمہوریت آمریت سے لاکھ درجے بہتر ہے، آئین غریبوں کو ریلیف فراہم کرتا ہے مگر حکمرانوں نے ملک کے آئین کو کاغذوں میں دفن کردیا ہے۔