سانحہ ماڈل ٹاؤن: ٹریبونل کی وزیراعلیٰ پنجاب کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنےوالے انکوائری ٹریبونل نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے قائم ایک رکنی عدالتی کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں ٹریبونل نے واقعے سے متعلق بیانات اور شواہد کا جائزہ لیتے ہوئے سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکریٹری توقیر شاہ کو کل طلب کرلیا جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو بھی کل طلب کیا گیا ہے۔

انکوائری ٹریبونل نے واقعے سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیان حلفی مجاز افسر کے ذریعے 25 جولائی تک جمع کرایا جائے، ٹریبونل کی کارروائی کا آغاز کل صبح ساڑھے گیارہ بجے ہو گا۔

واضح رہے کہ ایک رکنی عدالتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف کیس کی سماعت کے لئے لاہورہائی کورٹ کی جانب سے فل بینچ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو بینچ کی تشکیل سے متعلق کیس کی سماعت کر رہا ہے جبکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا واقعہ 17 جون کو ڈاکٹر طاہرالقادری کے گھر کے سامنے سے بیریئر ہٹانے پر پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔