لاہور (جیوڈیسک) ماڈل ٹاؤن انکوائری ٹریبونل نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی عبوری رپورٹ پرعدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔
ٹریبونل کے سربراہ جسٹس علی باقر نجفی نے ایڈیشنل آئی جی رائے الطاف کو پراگریس دکھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جے آئی ٹی کی 5 میٹنگ ہوئیں، پراگریس نظرنہیں آرہی، کیا آپ پر کوئی دباؤ ہے؟ رائے الطاف نے جواب دیا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں۔
جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے ایک رکن نے بتایا کہ منہاج القرآن والوں کو بلایا تھا پرانہوں نے سمن کی تعمیل سےانکار کر دیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ تفتیش قانون کے مطابق جاری رکھی جائے۔ اس سے پہلے سابق وزیر قانون پنجاب رانا اعجاز احمد خان نے کہا کہ مدعی منہاج القرآن نے ٹریبونل کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ اس کی کارروائی کا نتیجہ زیرو نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جتنے کمیشن بنے کسی کی سفارشات پرعمل نہیں ہوا۔