کراچی (جیوڈیسک) بائیس اگست کو کراچی پریس کلب کے سامنے ہنگامہ آرائی اور نجی ٹی وی چینل پر حملے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تین رہنمائوں سے جیل میں تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
متحدہ رہنماء کنور نوید جمیل، شاہد پاشا اور قمر منصور سے جیل میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے ملاقات کرکے تفتیش کی۔ کنور نوید جمیل نے تفتیشی ٹیم کو بیان دیا کہ وہ نجی ٹی وی چینل پر حملے کے وقت سیاسی ملاقاتیں کر رہے تھے۔
قمر منصور کا کہنا تھا کہ انہیں بائیس اگست کو متحدہ قائد کی تقاریر اور حملے کا علم نہیں تھا جبکہ شاہد پاشا کا کہنا تھا کہ نجی ٹی وی چینل پر حملے کے وقت نائن زیرو پر موجود تھا۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے تینوں رہنمائوں کو 23 اگست 2016 کو گرفتار کیا گیا تھا۔
تفتیشی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تینوں رہنماؤں سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ قمر منصور، شاہد پاشا اور کنور نوید جمیل کا ابتدائی بیان قلم بند کر لیا گیا ہے۔