سانحہ ملتان پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے، مودی پاکستان کیلئے ٹھیک نہیں، رحمان ملک

Rehman Malik

Rehman Malik

لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ ملتان بھگدڑ کے واقعے پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے ، مودی کی نیت پاکستان کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔ بان کی مون کنٹرول لاین پر 13 پاکستانیوں کی شہادت کا نوٹس لیں۔

لاہور ائیرپورٹ پر سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ دیکھنا ہو گا سانحہ ملتان کی ذمہ دار حکومت ہے یا پی ٹی آئی ، جو بھی ذمہ دار ہو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ عمران خان اپنی پارٹی کے اندر بھی واقعے کی تحقیقات کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جڑیں پورے ملک میں ہیں جب کبھی الیکشن ہوگا عوام ہماری طاقت دیکھ لیں گے۔ رحمان ملک نے کہا کہ کنٹرول لائین واقعے پر وزیر داخلہ نے بھرپور جواب دیا ہے۔ بلاول نے بھی بھارتی جارحیت پر بھرپور ردعمل ظاہر کیا ہے۔ مودی کو پاکستان کا پہلا دورہ کرنا چاہئے تھا۔

پاکستان کو کچھ ہوا تو بھارت کو بھی اتنا نقصان ہوگا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ہم نواز شریف کے ساتھ نہیں جمہوریت کے ساتھ ہیں ، متحدہ کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں ، پیپلز پارٹی ، متحدہ کو مل کر کام کرنا ہے، ملک میں کنٹینرز کی سیاست چل پڑی ہے ، ملالہ کو انعام ملنے پر بہت خوش ہوں۔