سانحہ مچھ؛ بلوچستان اسمبلی اجلاس میں مذمتی قرارداد مشترکہ طور پر منظور

Balochistan Assembly

Balochistan Assembly

کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان اسمبلی اجلاس میں سانحہ مچھ کے حوالے سے مذمتی قرارداد مشترکہ طور پر منظور کرلی گئی۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی صدار ت ہوا جس میں سانحہ مچھ کے حوالے سے مذمتی قرارداد حکومتی رکن قادر علی نائل نے پیش کی۔

قادر علی نائل نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا گیا، ہم پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، مزید لاشیں نہیں اٹھا سکتے۔

صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے کہا کہ مچھ میں شہید ہونیوالے افراد کے غم میں برابر کے شریک ہیں، مذمتی قرارداد کی حمایت کرتے ہیں جب کہ صوبائی مشیر برائے کھیل خالق ہزارہ نے بھی کہا کہ مذمتی قرارداد کو منظور کیا جائے۔

بعد ازاں سانحہ مچھ کے حوالے سے مذمتی قرارداد مشترکہ طور پر منظور کرلی گئی۔ اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کہا کہ مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے عوام مایوس ہوگئے ہیں، صوبے میں امن و امان کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں جب کہ ماضی میں صوبے کی روایات کے باعث امن و امان کی صورتحال بہتر رہی۔

دریں اثنا حکومتی رکن کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی گئی جس کے بعد اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا۔