سانحہ کوٹ رادھا کشن کے ذمہ داران کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ

Tahir Mehmood Ashrafi

Tahir Mehmood Ashrafi

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان علماء کونسل اور مسیحی برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوٹ رادھا کشن سانحے سے اسلام اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں بدنام ہوا، ملزموں کو تیز ٹرائل کے ذریعے جلد سزا دے کر عبرت کا نشان بنا یا جائے ورنہ یہ سلسلہ نہیں رکے گا۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں علماء اور مسیحی برادری کے وفد نے کوٹ رادھا کشن کا دورہ کیا اور زندہ جلائے گئے مسیحی میاں بیوی شہزاد اور شمع کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی، علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ خود ہی منصف بن کر کسی کو زندہ جلاد ینا ناانصافی ہے۔

کیس کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے اور ایک ماہ میں فیصلہ سنایا جائے، 40 سے زائد علماء کی آمد کومسیحی برادری کے اکابرین نے امن کیلئے اچھاا قدام قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کوآئین کے مطابق ان کا مقام ملنا چاہیئے۔

وہ توہین رسالت کا سوچ بھی نہیں سکتے، مسیحی میاں بیوی کو جلانے کے افسوس ناک واقعے کے کئی روز بعد بھی اہل علاقہ سخت خوف و ہراس کا شکار ہیں، مقامی مسیحیوں نے انہیں تحفظ فراہم کرنے کیساتھ ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔