کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ پشاور کی تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذمت کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو پیپلزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، فنکشنل لیگ، تحریک انصاف اور مسلم لیگ نون کی جانب سے سانحہ پشاور پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی۔
مشترکہ اپیل پر ایوان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا ہوئی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان سانحہ کے خلاف بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شریک ہوئے۔ پیپلزپارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی، اقلیتی اراکان، ایم کیو ایم، تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کی جانب سے پشاور کے افسوسناک واقعے پر تحاریک جمع کرائی گئیں۔
صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے تجویز دی کہ سانحہ پشاور پر مشترکہ قرار داد لائی جائے۔ سندھ ا سمبلی میں ارکان نے سانحہ پشاور کی مذ مت کر تے ہوئے وفاقی حکومت سے دہشت گردی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ سندھ اسمبلی میں آمد کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن صوبا ئی اسمبلی شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کی پالیسی پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ کل جماعتی کانفرنس میں تمام سیا سی جماعتوں کی جانب سے مذاکرات ہی مسائل کا حل قرار دیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود حملے سمجھ سے باہر ہیں۔