وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) سانحہ پشاور درندگی اور سفاکیت کی بدترین مثال ہے۔انسانوں کے روپ میں زمین پر رہنے والے درندہ صفت بھیڑیوں نے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
واقعہ میں ملوث افراد کو عبرتناک انجام سے دوچارکیا جائے اور اس دھرتی کو اس گند سے صاف کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ واقعہ میں ملوث افراد کو انسان کہنا ہی انسانیت کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ایسے گروہوں کا قلع قمع نہیں کیا جاتا ملک میں امن وامان قائم نہیں ہوسکتا۔ پوری قوم افواج پاکستان کیساتھ ہے اور بلاامتیاز رنگ ونسل، مذہب قوم اس بات کامطالبہ کرتی ہے کہ دہشت گردوں کو نیست ونابود کرکے اس دھرتی پر امن قائم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وطن دشمنوں کو خیبر پختونخواہ حکومت کی طرف سے صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے بہترین اقدامات برداشت نہیں ہورہے اور وہ دہشت گردی کے ذریعے خطہ کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے سانحہ میں شہید ہونے والے افراد اور کم سن طلباء کے والدین کیلئے دکھ کے ان لمحات میں ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔