ممبئی (جیوڈیسک) پشاور کے اسکول پر طالبان حملے پر بالی ووڈ بھی صدمے کی حالت میں ہے اور میگا اسٹار امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور پر ہمدردی کے اظہار کے بجائے ہلاک شدگان اور بچ جانے والے بچوں کے لیے دعا کی جانی چاہیے۔
اپنے ایک بلاگ میں امیتابھ بچن نے کہا کہ زندگی کا پہیہ آگے بڑھتا رہتا ہے جس میں تکلیفیں بھی ہیں اور خوشی بھی مگر یہ وقت ہے کہ آپ آگے بڑھیں مگر اس دہشت کو پروان نہ چڑھائیں اس پر توجہ دینے یا ہمدردی کی ضرورت نہیں، اس وقت ہمیں ان ننھے بچوں کے لیے دعا کرنی چاہیے اور انھیں اپنے ذہن میں رکھنا چاہیے۔
72 سالہ اسٹار اداکار امیتابھ بچن کو اس واقعے سے بہت تکلیف ہوئی ہے مگر وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ مرحومین کے لیے دعا اور بچ جانے والے بچوں کی زندگیوں کو اس کے اثر سے نکالنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرنا بہت مشکل ہے ہم بس یہ کرسکتے ہیں کہ ان متاثرہ بچوں کے لیے دعا کریں اور انھیں تسلی دیں۔
گزشتہ روز بھی اس واقعہ پر جہاں عالمی رہنماؤں پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار ہمدری کیا وہیں شوبز شخصیات بھی ٹویٹر کے ذریعے اپنے جذبات ظاہر کر رہے ہیں۔