لاہور (جیوڈیسک) پشاور کے آرمی پبلک سکول پر حملے میں زندہ بچ جانے والے بچوں نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی مجاہد کامران نے بچوں کا استقبال کیا۔ بچوں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں نے واقعہ کا حال بیان کیا۔ ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ نیٹو کی ایجنسیاں دنیا بھر میں دہشت گردی کا انجن چلا رہی ہیں اور انتہا پسندوں کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا علاج صرف فوجی آپریشن نہیں بلکہ اس کا ذہنی طور پر بھی سدِ باب کرنا ہو گا ۔تقریب کے دوران دسویں جماعت کے طالبعلم ارباب کریم نے فوج میں جانے اور دہشتگردوں سے بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کیا۔ پہلی جماعت کے طالبعلم ارباز ذلن اور ارباب حمزہ نے کہا کہ اگر دہشت گرد سمجھتے ہیں کہ وہ بچوں کو ٹارگٹ کر کے ہمیں سکول جانے سے روک سکتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ ہمارا جذبہ اور بڑھا ہے اور ہم ڈٹ کر ان کا مقابلہ کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر سانحہ پشاور کے شہدا کے لئے دعا کی گئی۔