پشاور (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ سکول پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہاں سب مسلمانوں کے بچے پڑھتے تھے، حکومت واقعے میں ملوث افراد کو بے نقاب کرے۔
پشاور میں جمعیت علمائے اسلام س کی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم کے اصرار پر طالبان سے رابطے کئے، آپریشن کے شروع ہوتے ہی ان کے طالبان سے رابطے ختم ہوگئے جس کے بعدعلم نہیں کہ طالبان وزیرستان میں ہیں یا کہیں اور، ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات اگر جاری رہتے تو شاید یہ واقعہ پیش نہ آتا۔
حکومت اس واقعے میں ملوث افراد کو بے نقاب کرے ۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جہاد کرنے والے طالبان ہماری اولاد ہیں لیکن باقی طالبان کا انہوں نے ٹھیکہ نہیں لے رکھا۔
سکول پر حملے کی آڑ میں مدارس کے خلاف کارروائی نہ کی جائے ، ایوب خان کے زمانے سے ہی مدارس کے خلاف تحریک شروع ہوئی تھی جوابھی تک چلی آرہی ہے۔ ۔مغربی قوتوں کا سب سے بڑا ٹارگٹ دینی مدارس ہی ہیں۔ مولانا سمیع الحق نے بعد ازاں آرمی پبلک سکول کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی۔