سانحہ راولپنڈی کیخلاف ملک بھر میں احتجاج، ریلیاں ,اسلام آباد، لاہور میں سکیورٹی سخت

 Protests Rallies

Protests Rallies

لاہور (جیوڈیسک) سانحہ راولپنڈی کے خلاف ملک بھر میں آج یوم احتجاج منایا جا رہا ہے، کراچی اور پشاور میں احتجاجی سلسلہ شروع ہو گیا، جلسے جلوسوں پر پابندی لگانےکے بعد اسلام آباد کو سیل کر دیا گیا، ملک کے مختلف شہروں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے۔

سانحہ راولپنڈی کے خلاف احتجاج کے پیش اسلام آباد کے داخلی اورخارجی راستوں سمیت اندرون شہر حساس علاقوں کو خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے حساس علاقوں میں فوج نے کنڑول سنبھال لیا ہے۔

راجہ بازار، لیاقت روڈ، کالج روڈ،بنی چوک اور عابد مجید روڈ پر فوج اور رینجرز کی جانب سے مشترکہ گشت کیا جا رہا ہے۔ مساجد، امام بارگاہوں، بس اسٹینڈز، ہوائی اڈے اور دیگر حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات بڑھا دیئے گئے ہیں۔

راولپنڈی کے تمام نجی اور سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ کراچی میں احتجاج کی کال کے باعث اہم شاہراہوں اور بڑے احتجاجی جلوسوں کے مقام پر پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ گرومندر جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ شہر میں بیشتر کاروباری اور تجارتی مراکز بھی بند ہیں۔

لاہور میں سیکورٹی کے لئے دس ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور حساس مقامات پر ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں تمام تجارتی مراکز بند ہیں،حساس امام بارگاہوں پر بھی سخت سیکورٹی ہے۔ پولیس، ایف سی اور پی سی کی بھاری نفری سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہے۔

پشاور میں سیکورٹی خطرات کے پیش مساجد اور امام بارگاہوں پر حفاظتی اقدامات بڑھا دیئے گئے ہیں۔ فیصل آباد میں پانچ سو سات مساجد اور پچیس امام بارگاہوں کو حساس قرار دینے کے بعد ان کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ شہر میں ڈبل سواری پر پابندی، بازار اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔