لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے سانحہ راولپنڈی میں غفلت برتنے والی سرکاری مشینری کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء نے شیخ رشید کو ہدف تنقید بنایا ہے، شیخ رشید کہتے ہیں حکومت ناکام، نااہل اور ناکارہ ہے۔
صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، مسجد اور مدرسے کی تعمیر نو کے لئے کمیٹی بنا دی گئی ہے، متاثرین کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نجم سعید کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی ایک ہفتے میں اپنا کام مکمل کر لے گی۔واقعے میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔
شیخ رشید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انہیں زخمیوں کی عیادت کرنے کی جرات بھی نہیں ہوئی، وہ چینلز پر سیاست کر رہے ہیں۔دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے صوبائی حکومت کو واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ حکومت ناکام، نااہل اور ناکارہ ہے۔