لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے سانحہ ساہیوال پر انصاف کی فراہمی کا وعدہ پورا کر دیا۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 72 گھنٹے میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے اعلان پر عمل کر کے دکھایا اور جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ کے تناظر میں فیصلے کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نئے پاکستان میں قانون سے تجاوز کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں اور حکومت پنجاب انصاف کے وعدے کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ سب سن لیں، قانون، میرٹ اور انصاف کی فراہمی ہماری ترجیح ہے اور قانون کی بالادستی عمران خان کی حکومت کا پہلے دن سے وعدہ ہے۔
یاد رہے کہ 19 جنوری کی سہہ پہر سی ٹی ڈی نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کی ایک بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ کارروائی میں تین بچے بھی زخمی ہوئے تھے۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں سی ٹی ڈی افسران کو خلیل کے خاندان کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا جبکہ مقتول خلیل اور اس کے خاندان کا دہشت گردی سے کوئی تعلق ثابت نہ ہو سکا۔