فیصل آباد : سانحہ شکار پور انسانیت سوز واقعہ ہے سفاک دہشت گردوں نے بے پناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیل کر ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ سوہنی دھرتی کو ان کے ناپاک وجودسے پاک کرنا از حد ضروری ہے۔
ان خیالات کااظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی راہنما حافظ طاہر جمیل میاں نے امام بارگاہ شکار پور میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران بم دھماکے کے نتیجہ میں 59 افراد کی شہادت پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ابھی سانحہ آرمی پبلک سکول معصوم بچوں کی شہادت کا زخم تازہ ہے کہ درندہ صفت دہشتگردوں نے درجنوں قیمتی انسانی جانوں سے کھیل کر بربریت اورظلم کی ایک داستان رقم کردی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت اورپاک فوج کے دست و بازو بن جائیںسانحہ شکار ہمارے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے کہ دہشت گرد ہماری کمزوریوں سے اب بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ جلد از جلد ملٹری کورٹس بحال کرکے کام شروع کیا جائے تاکہ پکڑے گئے دہشتگردوں کو عبرت ناک سزا دے کر ہونے والے سانحات کے شہدوں کی روحوں کو سکون پہنچا جاسکے۔