گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ کینٹ میں رات گئے نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے، میجر عادل کو لاہور میں پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، کور ہیڈ کوارٹرز ملتان میں سانحہ ہیڈ چھنانواں کے شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔
رات گئے گوجرانوالہ کینٹ میں سانحہ ہیڈ چھنانواں کے شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، کور کمانڈر گوجرانوالہ، لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم سمیت اعلیٰ فوجی حکام بھی شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کے بعد شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ کرنل عامر جدون کا جسد خاکی آیبٹ آباد پہنچا دیا گیا ہے۔ شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کی جائے گی۔
شہید میجر عادل کی نماز جنازہ کیولری گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان سمیت بحریہ اور فضائیہ کے اعلیٰ فوجی افسران بھی شریک ہوئے ۔ان کے جسد خاکی کو صبح لاہور پہنچایا گیا جہاں شہدا قبرستان کیولری گراؤنڈ میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور نوید زمان جی او سی میجر جنرل طارق امان ، ڈی جی رینجر پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی سمیت فوجی افسران اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا مانگی گئی ۔ نماز جنازہ سے قبل شہید کو گارڈ آف آرنر بھی پیش کیا گیا۔ کیپٹن کاشف کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے نظام پور میں ادا کی گئی جبکہ لیفٹیننٹ علی عباس کی نماز جنازہ وادی سون میں 11 بجے ادا کی جائے گی۔
کور ہیڈ کوارٹرز ملتان میں سانحہ ہیڈ چھنانواں کے شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم سمیت دیگر فوجی اور پولیس افسران بھی شریک ہوئے۔