اسلام آباد (جیوڈیسک) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ٹرین حادثات کے ذمہ دار وزیر ریلوے ہیں، شیخ رشید کے خلاف انکوائری ہونی چاہیئے، وزیر ریلوے انکوائری ہونے تک مستعفی ہو جائیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹرین حادثے کی خبر سن کر انتہائی صدمہ ہوا، متاثرہ خاندانوں کیلئے یہ قیامت کی گھڑی ہے، ٹرین حادثے معمول بنتے جا رہے ہیں، وزیر ریلوے شیخ رشید کچھ نہیں کر پا رہے، ریلوے کے وزیر بظاہر حادثوں کے مکمل ذمہ دار ہیں، مستعفی ہونے کی مثالیں دینے والے عمران خان اپنے وزیر سے استعفی مانگیں گے ؟ شیخ رشید کا وزارت سے رومانس ٹرین حادثوں میں نجانے کتنی زندگیاں نگلتا چلا جائے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا ڈکٹیٹر مشرف کے دور میں بھی شیخ رشید نے ریلوے کا محکمہ تباہ کیا، جس کا خمیازہ جمہوری حکومتوں کو بھگتنا پڑا، عمران خان نے بڑے فخر سے شیخ رشید کو ریلوے کی وزارت دی، آج خان صاحب کا یہ فیصلہ بھی غلط نکلا، عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے کئی ٹرینوں کا افتتاح بھی کیا گیا، نئی ٹرینیں چلانے والے شیخ رشید اور عمران خان صرف پوائنٹ سکورنگ کے چکر میں ہیں، ریلوے کے محکمے کی طرح ملک بھی چلایا جا رہا ہے، عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی گئی ہیں۔