کراچی : جماعت اسلامی کے تحت پشاور تا کراچی ”کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ” کے کراچی میں شاندار اور تاریخی استقبال کی تیاریوں اور عوامی رابطے کے لئے ضلع وسطی اہم پبلک مقامات چوراہوں اور شاہراؤں پر استقبالیہ کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔ یہ کیمپ بورڈ آفس نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد 7 نمبر، عائشہ منزل، گلشن شمیم یاسین آباد، یوپی موڑ نارتھ کراچی، خمیسو گوٹھ نیو کراچی، احسن آباد، گلشن معمار گڈاپ وسطی میں لگائے گئے۔ کیمپ میں عوام میں ٹرین مارچ کے ہینڈ بلز تقسیم کئے گئے اور انہیں ٹرین مارچ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ ٹرین مارچ آج 27مئی کو کراچی پہنچے گا جس کا شام 7بجے کینٹ اسٹیشن پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔
ٹرین مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ضلع وسطی کے جنرل سیکریٹری محمد یوسف، نائب امیر سید احمد اور منیر یعقوب نے کیمپس کے دورے کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا کہ ٹرین مارچ بدعنوانی سے پاک پاکستان کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، عوام غربت، بے روزگاری، جہالت اور محرومیوں کی آگ میں جھلس رہے ہیں اور حکمرانوں نے اربوں ڈالر آف شور کمپنیوں کے ذریعے باہر منتقل کئے ہوئے ہیں۔ پاناما لیکس، سوئس لیک ہو یا دوبئی لیک جماعت اسلامی پاکستان کے کسی کارکن کا نام کسی لیکس میں نہیں آیا۔
پاناما لیکس میں جن لوگوں کے نام آئے ہیں وہ خود ہی سیاست سے الگ ہو جائیں اور سرکاری اور عوامی مناصب چھوڑ دیں۔ قوم اب کرپٹ مافیا کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔ جماعت اسلامی پاکستان کو بچانے اور کرپشن کے خلاف عوام کو منظم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ جنہوں نے اس ملک کو لوٹا ہے جلد ان کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہوں گی۔ انشاء اللہ پاکستان کرپشن فری پاکستان بنے گا۔27مئی کو کراچی کے عوام مرد و خواتین، نوجوان، بزرگ اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کینٹ اسٹیشن پہنچیں گے اور سراج الحق کی قیادت میں کراچی پہنچے والے عظیم الشان ”کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ” کا شاندار اور تاریخی استقبال کریں گے۔
سید انوار احمد سیکریٹر ی اطلاعات جماعت اسلامی، وسطی 0345-2385320