وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ریلوے اسٹیشن وزیرآباد سے فیصل آباد کے روٹ پر چلنے والی واحد ٹرین پاکستان ایکسپریس کا سٹاپ نہ ہونے پر نواحی علاقوں کے باسیوں کو شدید پریشانی کا سامنا۔ فیصل آباد روٹ پر کبھی پانچ سے زائد گاڑیاں چلتی تھیں جن میں سمہ سٹہ ایکسپریس،پاکستان ایکسپریس اور تین پسنجر ٹرینیں شامل تھیں۔ پاکستان ایکسپریس کے سوا باقی تمام ٹرینیں یہاں چلنا بند ہوگئی ہیں جبکہ اب چلنے والی اکلوتی ٹرین بھی مختلف اہم ترین علاقوں منصوروالی، گاجر گولہ، جامکے چٹھہ،کالیکی، سکھیکی،مڑبلوچاں اور دیگر مقامات پر سٹاپ نہیں کرتی۔جس سے مقامی لوگوں کو اپنے عزیز واقارب تک آنے جانے کیلئے پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دوسری جانب ریلوے اسٹیشنوں کی خوبصورت اور قیمتی عمارتیں بھوت بنگلوں میں تبدیل ہوتی جارہی ہیں اور متعدد اسٹیشنوںپر جنگلی جانوروں،کتوں بلیوں اورنشیئوں کا راج ہے۔
شہریوں نے بتایا کہ ان سٹاپس کی معطلی سے پرائیویٹ ٹرانسپورٹ ہولڈرز ان روٹس پر من مانیاںکرتے ، مرضی کے کرایے وصول کر کے شہریوں کو دونوں دونوں ہاتھ لوٹ رہے ہیں۔شہریوں نے وزیر ریلوے سعد رفیق اور محکمہ کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ متذکرہ روٹ پرچلنے والی گاڑیوں اورسٹاپس کو بحال کیا جائے۔