ٹرینر کی تربیت کا بنیادی مقصد اس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ ڈاکٹر مشتاق

Alkhidmat

Alkhidmat

اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے شعبہ’’ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام‘‘ کے زیراہتمام 3 روزہ ’’لیول۔ 1 ٹریننگ آف ٹرینر ‘‘ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی جس میں’’ شعبہ ناگہانی آفات‘‘ کے صوبہ خیبر پختون خواہ سے تعلق رکھنے والے الخدمت کے ذمہ داران نے شرکت کی۔تقریب میں ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور خالد وقاص چمکنی صدر الخدمت کے پی کے بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ ٹرینر کی تربیت کا بنیادی مقصد اس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے اورانہیں ضروری پیچیدگیوں کے بارے میں آگا ہ کرنا ہے تاکہ وہ اپنے علاقوں میں جا کر بغیر کسی جھجک اورپریشانی کے ناگہانی آفات (ڈیزاسٹر مینجمنٹ )میں لوگوں کی مدد کرسکیں۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ الرحمن چیئرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ بورڈ نے کہاکہ ا لخدمت کا ’’شعبہ ناگہانی آفات‘‘معاشرے کی فلاح کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ٹرینر بہترین تربیت کا حامل ہے تو وہ مقامی لوگوں کو بھی ناگہانی آفات سے نمٹنے کی تربیت دے سکتا ہے۔

ورکشاپ میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے خالد وقاص چمکنی نے کہا کہ 2005 ء کے زلزلے کے بعدالخدمت فاؤنڈیشن جس طرح پاکستانی عوام کی خوشی اور غمی میں شریک ہوئی وہ قابل تحسین ہے۔ ماسٹر ٹرینرز عصمت اللہ قریشی، احمد حسین، 1122 کے ناظم جاوید اوراحسان قادر نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ،ابتدائی طبی امداد،ریڑھ کی ہڈی کے مریض کو کیسے اٹھایا جائے؟،سی پی آر، چاکنگ،بلیڈنگ، سافٹ نشو انجری، شاک،جوائنٹ انجری،جوڑ انجری،بے ہوش مریض کو سنبھالا کیسے دیا جائے؟ٹرائی ایج اور اسکے طریقہ کار پر گروپ سرگرمیاں بھی کرائیں اور پریزنٹیشنز بھی دیں۔ ورکشاپ کے آخر میں شرکاء میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیے گئے ۔