ٹرینوں میں پبلک ایڈریس سسٹم لگانے کا فیصلہ

Trains

Trains

لاہور (جیوڈیسک) ریلوے حکام نے مسافروں کی سہولت کے لئے لاہور، کراچی، کوئٹہ اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی میل ایکسپریس ٹرینوں کے ساتھ ریل کاروں میں پبلک ایڈریس سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے پہلے مرحلے میں کراچی ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس میں مذکورہ سسٹم لگایا جائے گا جس کے تحت مسافروں کو پتہ چل سکے گا کہ ٹرین کس علاقے سے گزر رہی ہے اور کس سٹاپ پر کھڑی ہے، اس کے علاوہ دیگر ضروری اعلان کئے جا سکیں گے۔

ٹرینوں میں مذکورہ سسٹم ریلوے مغل پورہ ورکشاپ اور کراچی ریلوے کیرج فیکٹری میں لگایا جائے گا جس کے لئے ریلوے حکام نے اپنی پلاننگ مکمل کر لی ہے، ذرائع کے مطابق ریلوے حکام نے کئی سالوں کے بعد ایک بار پھر ٹرینوں میں پبلک ایڈریس سسٹم کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے اور فروری میں پہلے مرحلے میں کراچی ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس میں مذکورہ سسٹم متعارف کرایا جائے گا

جس کے بعد راولپنڈی سے کوئٹہ کے درمیان چلنے والی ٹرین جعفر ایکسپریس، ملت ایکسپریس، تیز گام، علامہ اقبال ایکسپریس، اکبر ایکسپریس، خیبر میل، فرید ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس اور دیگر میل ایکسپریس ٹرینوں میں سسٹم لگایا جائے گا، ٹرینوں کی بوگیوں کو مر حلہ وار ریلوے کی ورکشاپس میں بھجوایا جائے گا تاکہ جلد ازجلد منصوبہ مکمل ہو سکے، جنرل منیجر ریلوے جاوید انور بوبک نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا ہے جس کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔