اگر میرے مواخذےکی کوشش ہوئی تو سیدھا عدالت عالیہ جاوں گا: ٹرمپ کی دھمکی

Donald Trump

Donald Trump

نیویارک (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹس کے اکثریتی ایوانِ نمائندگان نے اُن کا مواخذہ کرنے کی کوئی کوشش کی تو وہ یہ معاملہ عدالت عالیہ تک لے جائیں گے۔

گزشتہ روز اپنے ایک ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے سنگین جرم تو درکنار کسی معمولی جرم کا ارتکاب بھی نہیں کیا ہے۔

دو ٹوئٹس پر مشتمل اپنے پیغام میں صدر نے کہا ہے کہ رابرٹ ملر کی رپورٹ ان سے نفرت کرنے والوں اور برہم ڈیموکریٹس نے تیار کی ہے جنہیں لامحدود وسائل حاصل تھے۔لیکن اس کے باوجود وہ ان کے خلاف کچھ ثابت کرنے میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس کے باوجود ڈیموکریٹس نے کبھی بھی ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی تو وہ سپریم کورٹ جائیں گے۔

صدر کے اس بیان نے قانونی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے کہ آیا سپریم کورٹ امریکی صدر کے خلاف کانگریس کی جانب سے کی جانے والی مواخذے کی کارروائی میں مداخلت کرسکتی ہے یا نہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ صدارتی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت اور صدر ٹرمپ پر انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات کی تحقیقات کرنے والے خصوصی نمائندے رابرٹ ملر نے اپنی رپورٹ رواں ماہ ہی پیش کی ہے۔

دریں اثنا،٫ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے اپنی پارٹی ارکان پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے پر احتیاط سے کام لیں۔