لین دین کا تنازع،سابق وزیر شوکت ترین کے داماد کو گرفتار کر لیا گیا

Transactions

Transactions

لاہور (جیوڈیسک) لاہور پولیس نے سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کے داماد کو لین دین کے تنازع پر گرفتار کر لیا، معاملہ رفع دفع کرانے پیپلزپارٹی کے سینیٹر وقار احمد خان تھانے پہنچ گئے۔

دو ہزار گیارہ میں شوکت ترین کے داماد خالد خان نے نجی سٹیل مل سے ستر لاکھ روپے کا سریا خریدا اور رقم ایک ماہ بعد دینے کا وعدہ کیا جس کا چیک دیا گیا وہ چیک کیش نہ ہو سکا، جس پر سٹیل مل انتظامیہ نے خالد خان کے خلاف مقدمہ درج کرایا جس کے بعد اسے اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ رات گئے پولیس نے چھاپہ مار کر خالد خان کو گرفتار کر لیا تاہم انکے پیچھے سینیٹر وقار خان بھی تھانے پہنچ گئے۔

پولیس کے مطابق خالد خان کی بیوی اور بیٹے نے بھی دو الگ الگ چیک دئیے لیکن وہ بھی ڈس آنر ہو گئے۔ عدالت نے خالد خان کے بیٹے اویس خان کو بھی اشتہاری قرار دے دیا ہے۔