اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن اسلا م آباد کے صدر حامد اطہر ملک نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے منصوبے الخدمت ٹاؤن میں ٹرانسفارمر کی تنصیب سے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے۔حامد اطہر ملک نے کہا کہ زلزلہ 2005 کے فورا بعد متاثرین کی آباد کاری کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد نے ‘ الخدمت ٹاؤن ” کے نام سے ایک گاؤں آباد کیا تھا جہاں بجلی پانی اور دیگر بنیادی سہولیات بھی مہیا کی گئیں تھیں۔
اب بجلی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے الخدمت اسلام آباد نے الخدمت اٹک اور راولپنڈی کے تعاون سے ’’الخدمت ٹاؤن‘‘ میں کھمبوں اور ٹرانسفارمر کی تنصیب کی کام مکمل کر لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تنصیب و ترسیل بجلی کا پراجیکٹ الخدمت کالونی بھیڈیاں میں 8,00,000 روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔
اس موقع پر الخدمت ٹاؤن کے مکینوں نے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جس میں افتخار احمد ڈائریکٹر آرایم ڈی ،اقبال خان ، سید خالد حسین بخاری صدر تحریک محنت پاکستان اور دیگر معززین علاقہ نے شرکت کی۔
صدر الخدمت اسلام آباد حامد اطہر ملک نے تقریب کے شرکا ء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ضرورت مند افراد کی فلاح وبہبود کے لیے خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔