جھنگ: ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جھنگ نے نام نہاد ایئرکنڈیشنڈ گاڑیوں کے عملہ کو مسافروں کو لوٹنے کی کھلی چھٹی فراہم کردی ہے جبکہ بغیر اے سی گاڑیاں چلانے کے باوجود دوگنا کرایہ وصول کرنے والے ایئر کنڈیشنڈ نماگاڑیوں کے خلاف کاروائی سے انکار کردیا گیاہے۔
جس پر مسافروںنے شدید احتجاج کیاہے۔ جھنگ چنیوٹ روڈ پر چلنے والی ایئر کنڈیشنڈ نما گاڑیوں پر سفر کرنے والے مسافروں نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے پراونشل روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی پنجاب کی جانب سے اس وقت فی مسافر فی کلو میٹر 79پیسے کرایہ مقرر ہے۔
انہوں نے بتایاکہ جھنگ سے چنیوٹ تک کافاصلہ 86کلومیٹر بنتاہے جس کاکرایہ 67.94 روپے مقرر ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ جھنگ چنیوٹ روڈ پر جھنگ سے براستہ چنیوٹ لاہور جانیوالی گاڑیاں جو بظاہر ایئرکنڈیشنڈ کوچز ہیں مگر یہ گاڑیاں ابھی تک ایئر کنڈیشنڈ استعمال نہ کررہی ہیں مگر پھر بھی ان کی جانب سے جھنگ سے چنیوٹ تک کا کرایہ 120روپے فی مسافر وصول کیاجا رہاہے جواصل مقررہ کرائے سے دوگناہے۔
انہوں نے بتایاکہ جب اس ضمن میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جھنگ کو آگاہ کیاگیا تو ان کے عملہ کی جانب سے بتایاگیاکہ چونکہ ایئر کنڈیشنڈ ٹرانسپورٹ وہیکلز کاکرایہ ڈی ریگولیٹڈ ہے لہٰذا وہ جتنا کرایہ چاہیں وصول کرسکتے ہیں۔ مسافروں نے اس فری ہینڈ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ اگر شدید گرمی کے دوران ایئر کنڈیشنڈ چلایاجائے تو بیشک دوگنا کرایہ وصول کرلیاجائے مگر جب تک گاڑیوں میں اے سی نہیں چلائے جاتے۔
اس وقت تک دوگنا کرایہ وصو ل کرناسراسر ظلم و زیادتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ متعلقہ حکام کا یہ بھی کہناہے کہ چونکہ اے سی گاڑیاں بڑے بڑے ٹرانسپورٹرز اور بااثر سرمایہ دار گروپوں کی ملکیت ہیں لہٰذا اگر وہ ان کے خلاف کوئی کاروائی کرتے ہیں تو یہ ٹرانسپورٹرز فوری طور پر اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کرلیتے ہیں جس پر انہیں ذلت و پریشانی کاسامنا کرناپڑتاہے۔ مسافروںنے اعلیٰ ارباب اختیار سے مذکورہ لوٹ مار فوری رکوانے کامطالبہ کیا ہے۔