کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے تحت 21 تا 23 نومبر مینار پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والے ’’کل پاکستان اجتماع عام ‘‘ کی تیاریوں اور انتظامات کے لیے کراچی میں بھی مختلف کمیٹیوں اور ان کے ذمہ داروں کا تقرر کیا جا چکا ہے اور تمام کمیٹیاں اور ذمہ داران اپنی اپنی تیاریوں اور انتظامات میں مصروف عمل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ڈویژنل منتظم اور نائب امیر کراچی مسلم پرویز ان کے معاون مقرر کیے گئے ہیں جب کہ ناظم طعام سیکریٹری کراچی عبد الوہاب، معاون اسسٹنٹ سیکریٹری انجینئر صابر احمد، میڈیا پبلسٹی اور تزئین و آرائش کمیٹی کے نگران نائب امیر کراچی اسامہ رضی ، ڈونرز کانفرنس کے نگران نائب امیر ڈاکٹر عبد الواسع شاکر، ناظم ٹرانسپورٹ انجینئر صابر احمد، ناظم استقبالیہ عرفان خان جب کہ نصر اﷲ شیخ اور مشیر علوی کو اُن کا معاون مقرر کیا گیا ہے۔
اجتماع عام میں کراچی سے ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جارہے ہیں اور مختلف ٹرینوں، بسوں، کوچوں، ذاتی گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ کے ذریعے لاہور روانگی کی تیاریاں تیزی سے جا ری ہیں۔