لاہور (جیوڈیسک) ٹرانسپورٹروں نے گاڑیوں کی متوقع توڑ پھوڑ اور نذر آتش کرنے کے واقعات کے پیش نظر کل اورپرسوں عام مسافروں کیلئے پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں تمام ٹرانسپورٹ تنظیمیں مشترکہ طور پر آزادی و انقلاب مارچ میں گاڑیاں فراہم کرنے پر متفق ہیں۔
آبائی شہروں کو جانے والے مسافر صرف آج ہی سفر کی سہولت حاصل کر سکیں گے، تفصیلات کے مطابق پنجاب بس اونرز ایسوسی ایشن، انٹر سٹی بس اونرز، آل پاکستان بس اونرز اور متعدد ٹرانسپورٹ تنظیموں کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں گزشتہ تین روز سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں پیدا شدہ صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔
جس میں ٹرانسپورٹر تنظیمیں اس بات پر متفق ہیں کہ 13 اور 14 اگست کو تمام انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کو عام مسافروں کے لئے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا، ٹرانسپورٹروں نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ تمام انٹر سٹی بس اڈے ، جنرل بس سٹینڈز عام مسافروں کے لئے بند رکھے جائیں گے اگر کوئی ٹرانسپورٹر اپنی سیاسی وابستگی رکھتے ہوئے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کو بسوںکی فراہمی کرنا چاہتا ہے۔
تو وہ اپنی ذمہ داری پر دے سکتا ہے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے انقلاب و آزادی مارچ کے لئے لاہور سے بڑی تعداد میں ٹرانسپورٹ کی بکنگ ہو چکی ہے اور تمام گاڑیوں میں ڈیزل ،پٹرول اور گیس پہلے سے فل کروا کر رکھی گئی ہے ۔ دوسری طرف ٹرانسپورٹرز پنجاب حکومت کی کارروائی سے بچنے کیلئے انہیں یقین دہانی کروا رہے ہیں کہ ٹرانسپورٹ مکمل بند رکھی جائیگی۔