اسلام آباد (جیوڈیسک) خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ سنگین غداری کیس کی 40 ویں سماعت آج ہو رہی ہے۔
جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس یاور علی خان پر مشتمل خصوصی عدالت کیس کی سماعت کررہا ہے۔ سابق صدر کے وکلاء نے ایف آئی اے کی رپورٹ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔
عدالت نے ایف آئی اے کی تفتیش کا ریکارڈ فراہم کرنے سے متعلق ملزم پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فرو غ نسیم اور استغاثہ کی ٹیم کے سربراہ اکرم شیخ ایڈدوکیٹ کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ عدالت نے آج فیصلہ سناتے ہوئے پرویز مشرف کو ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
اور کہا ہے کہ وکلا صفائی کوتحقیقاتی رپورٹ ودیگر تفصیلات دینااستغاثہ کی قانونی ذمے داری ہے۔ خصوصی عدالت سنگین غداری کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے اور عدالت میں مقدمے سے متعلق شہادتیں پیش کرنے کے لیے تاریخ مقرر کرنے سے متعلق استغاثہ کی درخواست کی بھی سماعت کرے گی۔