بلوچستان (جیوڈیسک) ارکان بلوچستان اسمبلی نے پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ درست فیصلہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پرویز مشرف دور میں اکبر بگٹی کی شہادت کے بعد صوبے میں لگنے والی آگ پر آج بھی قابو نہ پا سکا۔ کوئٹہ وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سمیت کئی ارکان نے پرویز مشرف ہی کو بلوچستان کے خراب صورت حال کا ذمہ دار ٹھہرایا اور حکومت کا پرویزمشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کو درست فیصلہ قرار دیا۔
اسمبلی اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صوبے کے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ وہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ آرٹیکل 6 پر عمل درآمد کر کے ملک میں آمریت کا راستہ بند ہو جائے گا اور آئندہ کوئی بھی فرد جمہوریت کے خلاف قدم نہیں اٹھائے گا۔
حکومتی ارکان کے ساتھ ساتھ اپوزیشن ارکان نے بھی وزیراعظم نواز شریف کے اس فیصلے کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ پرویز مشرف کے دور اقتدار میں بلوچستان میں لگنے والی آگ کی تپش آج بھی محسوس ہو رہی ہے تاہم اب دیکھنا یہ ہو گا کہ کیا آئین کے آرٹیکل 6 کا اطلاق صرف پرویز مشرف ہی پر ہوتا ہے یا ان لوگوں پر بھی جنہوں نے جمہوریت کے مقابلے میں آمریت کا ساتھ دیا تھا۔