اسلام آباد (جیوڈیسک) سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو منگل کو حاضری سے استثنا دے دیا لیکن فرد جرم عائد کرنے کے لیے 14 مارچ کو طلب کر لیا۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس کی سماعت کا آغاز کیا تو ملزم پرویز مشرف عدالتی احکامات کے باوجود پیش نہ ہوئے۔
ملزم کے وکیل احمد رضا قصوری نے وزارت داخلہ کے نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کی جانب سے جاری سیکورٹی الرٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ شکایت کنندہ خود کہہ رہا ہے کہ پرویز مشرف کی جان کو خطرہ ہے،اسپتال سے عدالت آنے کے راستے کی ریکی کی جا چکی ہے، سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی بھی اسکریننگ کی ضرورت ہے کیونکہ اطلاع ہے کہ بعض شرپسند سیکورٹی سکواڈ میں شامل ہو کر انہیں نشانہ بنا سکتے ہیں۔
بدقسمتی سے ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے اور عدالتیں بھی محفوظ نہیں۔ جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیے کہ ہمیں معلوم ہے کہ دھمکیاں ہیں، کیا عدالتیں بند کر دیں، عدالتوں کو کام کرتے رہنا چاہئے۔