اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت میں پیشی کے لئے سیکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
پولیس کے 15سو، رینجرز کے پانچ سو سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔ خصوصی عدالت میں غداری کیس کی سماعت شروع ہو چکی ہے جبکہ اسلام آباد پولیس کے نمائندے مشرف کو لینے اے ایف آئی سی پہنچ گئے ہیں۔
اے ایف آئی سی سے خصوصی عدالت تک دوالگ الگ روٹ لگائے جائیں گے، اے ایف آئی سی سے راول ڈیم چوک تک رینجرز اہلکار سٹینڈ بائی ہوں گے جبکہ کلب روڈ سے خصوصی عدالت تک پولیس اور رینجرز کا مشترکہ روٹ لگایا جائے گا۔
خصوصی عدالت کی چھت پر بھی اینٹی ائیر کرافٹ گن نصب کی جائے گی۔ روٹ کے راستوں کی بم ڈسپوزل سکواڈ سے سرچنگ کرائی جائے گی۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ غداری کیس کی سماعت کر رہا ہے۔
مشرف کے وکیل فیصل چودھری ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ سماعت کے دوران مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جائے گی. مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ ہم نے سابق صدر کی پیشی کے حوالے سے فیصلہ کر لیا ہے عدالت کو سرپرائز دیں گے۔