غداری کیس: مشرف عدالت پیش نہ ہوئے، پولیس خالی ہاتھ ہسپتال سے واپس

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) پرویز مشرف کو عدالت پیش کرنے کے لیے ایس پی سیکورٹی ڈویژن ٹیم کے ہمراہ اے ایف آئی سی سے خالی ہاتھ واپس لوٹ آئے۔ مشرف کی روانگی کے لیے تا حال روٹ نہیں لگایا گیا۔ سابق صدر کی عدالت پیشی کے امکانات کم ہو گئے۔

پرویز مشرف کی خصوصی عدالت میں ممکنہ پیشی کے پیش نظر آج صبح سے ہی راولپنڈی ٹریفک پولیس کو الرٹ کر دیا گیا تھا۔ پولیس کو پرویز مشرف کے روٹ سے آگاہ نہیں کیا گیا اور روٹ خفیہ رکھا گیا ہے۔

پرویز مشرف کا سکواڈ بھی ڈیڑھ گھنٹے سے تیاری پوزیشن میں موجود ہے۔ اہلکاروں کو روانگی کے حوالے سے حتمی طور پر نہیں بتایا جا رہا۔ سکواڈ اہلکار اے ایف آئی سی پارکنگ ایریا میں مشرف کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پرویز مشرف کو عدالت پیش کرنے کے لئے اسلام آباد کے ایس پی سیکیورٹی ڈویژن سلمان اے ایف آئی سی گئے۔

پہلے تو انہیں کچھ دیر گیٹ پر انتظار کرایا گیا اور پھر اندر جانے کی اجازت دے دی گئی تاہم پرویز مشرف کی جانب سے انکار کے بعد انہیں ٹیم کے ہمراہ خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا۔ پرویز مشرف کی روانگی کے لیے روٹ بھی نہیں لگایا گیا جس سے سابق صدرکی عدالت پیشی کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔

خصوصی عدالت میں ابھی سماعت جاری ہے خصوصی عدالت کی جانب سے مشرف کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہو سکتے ہیں۔