اسلام آباد (جیوڈیسک) غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری کے باوجود فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی۔
سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔ سابق صدر پرویز مشرف ڈاکٹرز کے منع کرنے کے باوجود غداری کیس میں خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق صدر 17 گاڑیوں پر مشتمل قافلے میں خصوصی عدالت پہنچے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔
سابق صدر سماعت کے بعد واپس اے ایف آئی سی روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے خصوصی عدالت جانے والے راستے کے دوانوں اطراف ایک ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کے منع کرنے پر مشرف سرٹیفکیٹ پرخود دستخط کر کے اپنے رسک پر عدالت روانہ ہوئے۔
خصوصی عدالت کے باہر پرویز مشرف کے حامی بھی موجود تھے جو سابق صدر کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ خصوصی عدالت نے سابق صدر کو سنگین غداری کیس میں طلب کیا تھا۔ 2 جنوری کو سابق صدر پرویز مشرف کو خصوصی عدالت آتے ہوئے طبیعت کی خرابی کے بعد آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کیا گیا تھا۔