غداری کیس میں 90 فیصد فوج پرویز مشرف کے ساتھ ہے، سابق فوجی افسران

Rashid Qureshi

Rashid Qureshi

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق فوجی افسروں نے پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی مخالفت کر دی، میجر جنرل ریٹائرڈ راشد قریشی کہتے ہیں کہ اگر رائے شماری کرائی جائے تو نوے فیصد سے زائد فوج پرویز مشرف کیساتھ ہے۔

غداری کے مقدمے میں فوج کی حمایت سے متعلق پرویز مشرف کے بیان نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پرویز مشرف کے بیان پر رد عمل ظاہر کیا ہے کہ خاموشی نیم رضا مندی ہوتی ہے۔

فوج کو پرویز مشرف کے بیان کی تردید کرنی چاہئے مگر سابق فوجی افسر کہتے ہیں کہ آرٹیکل چھ کے اطلاق کے معاملے پر فوج پرویز مشرف کے ساتھ ہے۔

سابق ترجمان پاک فوج میجر جنرل (ر) راشد قریشی کا کہنا ہے کہ اگر رائے شماری کرائی جائے تو نوے فیصد سے زائد فوج مشرف کے ساتھ ہو گی۔

سابق فوجی افسروں کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کو غداری کے مقدمے میں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حکومت پرویز مشرف کو سزا دلوا کر ان سے معافی منگوانا چاہتی ہے جو انتہائی نا مناسب ہے۔

سابق فوجی افسروں کا مطالبہ ہے کہ پرویز مشرف کو اس مقدمے میں فیئر ٹرائل کا حق ملنا چاہئے۔ بعض سابق فوجی افسروں کا خیال ہے کہ صدارت کے دور میں پرویز مشرف کے اقدامات کو آئنی تحفظ حاصل ہے، اس لئے ان پر آرٹیکل چھ کا اطلاق نہیں ہوتا۔