غداری کیس: پرویز مشرف کے خلاف درخواست بد نیتی پر مبنی ہے، فروغ نسیم

 Farogh Naseem

Farogh Naseem

اسلام آباد (جیوڈیسک) غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم کا کہنا ہے پرویز مشرف کے خلاف شکایت بدنیتی پر مبنی ہے۔

جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے غداری کیس کی سماعت کی۔ مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے آج بھی جرح جاری رکھی۔ سیکریٹری داخلہ شاہد خان نے فروغ نسیم کی جانب سے جرح کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا آرٹیکل چھ کی کارروائی شروع کرنے کی منظوری وزیر داخلہ نے دی۔ وزیر اعظم یا وفاقی کابینہ سے کارروائی کی منظوری نہیں لی گئی۔

فروغ نسیم نے سوال کیا کیا اس مقدمے میں وزیر اعظم کابیان ریکارڈ کیا گیا جس پر سیکریٹری داخلہ شاہد خان نے جواب دیا کہ وزیر اعظم کا کوئی بیان ریکارڈ نہیں کیا گیا۔ فروغ نسیم کا کہنا تھا مشرف کے خلاف شکایت درج کرانے کیلئے وزارت قانون سے کب مشاورت کی گئی۔ سیکریٹری داخلہ نے جواب میں کہا یاد نہیں وزارت قانون سے کتنی مرتبہ مشاورت ہوئی تاہم ایف آئی اے کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد وزارت قانون سے مشاورت کی گئی۔

انہوں نے کہا یہ درست نہیں کہ شکایت درج کرانے کیلئے وزارت قانون سے مشاورت نہیں کی گئی۔ فروغ نسیم نے سوال کیا پرویز مشرف کیخلاف شکایت کا مسودہ کس نے تیار کیا جس پر سیکریٹری داخلہ نے کہا شکایت کے اندراج کیلئے مختلف مسودے تیار کیے گئے تاہم حتمی مسودہ انہوں نے خود تیار کیا۔

فروغ نسیم نے کہا کن شواہد کا جائزہ لینے کے بعد آرٹیکل چھ کے تحت شکایت درج کرائی گئی؟۔ شاہد خان نے بتایا تمام شواہد ایف آئی اے کی رپورٹ اور اس سے منسلک دستاویزات پر مشتمل ہیں۔ فروغ نسیم نے کہا پرویز مشرف کے خلاف شکایت بدنیتی پر مبنی ہے۔