کراچی (جیوڈیسک) ایف بی آرکے آئے دن کی اصلاحات کے آڑ میں ٹیکسوں میں اضافے کے بجائے اگرقومی خزانے پر بوجھ پی آئی اے، پاکستان اسٹیل اور ریلوے سمیت دیگر قومی اداروں کی نجکاری کردی جائے تو معیشت درست سمت پر گامزن ہوجائے گی۔
یہ بات بزنس مین گروپ کے وائس چیئرمین زبیر موتی والا نے بدھ کو کراچی چیمبر میں وزیرتجارت کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں حالیہ کمی اگرچہ خوش آئند ہے لیکن اس سے برآمدکنندگان کا کیش فلو بری طرح متاثر ہوا ہے، امکان ہے کہ رواں سال کے 28 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کے حصول میں مشکلات پیدا ہوں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گیس ڈسٹری بیوشن میں فرٹیلائزر ودیگر شعبوں کی نسبت صرف صنعت بالخصوص ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ترجیحات کی فہرست میں اول نمبر پر لانے کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے مطلوبہ فوائد کے حصول اور نقصانات سے بچائو کے لیے حکومت کسٹمز کی سطح پر ٹھوس اصلاحات متعارف کرائے۔