آزمائش کی اس گھڑی میں پارلیمنٹ متحد ہے، سعد رفیق

Khawaja Saad Rafiq

Khawaja Saad Rafiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پارلیمنٹ متحد ہے، قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ کوئی طاقت ہمیں جمہوریت کے راستے سے نہیں ہٹاسکتی، تمام سیاسی جماعتیں آئین اور پارلیمنٹ کے تحفظ کیلئے ایک ہیں، جبر اور زور کے ذریعے جمہور کے فیصلے کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے افسو کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ قادری اور عمران ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنا چاہتے، مظاہرین ڈنڈے کے زور پر دارلحکومت کو فتح کرنا چاہتے ہیں، ڈنڈا بردار، کٹر، ماسک اور ہتھوڑے لیکر آئے ہیں، انہیں جواب دینا ہوگا،ارکان پارلیمنٹ یہ قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان بدقسمتی سے وزیراعظم ہوں اور ہم جتھا لے آئیں تو یہ کس طرح چلیں گے، لشکر کشی کا اصول مان لیا گیا تو پاکستان میں کوئی آئین وقانون باقی نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سر کے بل بھی کھڑے ہوجائیں نواز شریف استعفا نہیں دینگے، کوئی طاقت یا گروہ ہمیں جمہوریت کے راستے سے نہیں ہٹا سکتا۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی ساری زندگی پولیس کا مقابلہ کیا لیکن ڈنڈوں کے بغیر، حکومت ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنے کی مخالفت کرے گی، پارلیمنٹ کے ارکان یہ قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر دھاوا بولنے پرعمران خان اور طاہرالقادری کیا جواب دیں گے؟ سعد رفیق نےکہا کہ ہم اب بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ بعض اوقات لگتا ہے کہ ہم غلط ہیں۔